چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختارعلاقے کے شہر ارمچی کے ارمچی دی وو پو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹمز عملہ سامان کی جانچ پڑتال کررہاہے۔(شِنہوا)
ارمچی (شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختارعلاقے سے برطانوی شہر لندن کے لئے پہلے مال بردار فضائی روٹ پر پروازیں شروع ہوگئی ہیں۔
مقامی حکام نے پیر کو بتایا کہ تقریباً 50 ٹن سرحد پار ای کامرس سامان لے کر پہلی مال بردار پرواز 14 دسمبر کو ارمچی دی وو پو بین الاقوامی ہوائی اڈے سے لندن کے لئے روانہ ہوئی تھی۔
ہوائی اڈے کے کسٹمز کا کہنا ہے کہ سرحد پار ای کامرس میں تیزرفتار ترقی کی بدولت ہوائی اڈے پر مال برداری کے حجم میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
کسٹمز کا مزید کہنا تھا کہ ارمچی سے لندن تک نئے براہ راست مال بردار روٹ سے چین کے سنکیانگ اور اہم یورپی فضائی نقل و حمل کے مراکز کے درمیان قریبی رابطوں میں مزید پیشرفت کی توقع ہے،اس سے فریقین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو زیادہ جامع اور مئوثر تجارتی لاجسٹک خدمات مہیا ہوں گی۔
ارمچی سے مجموعی طور پر 14 بین الاقوامی مال بردار روٹس پر پروازیں چل رہی ہیں جن میں سے 7 روٹس یورپ کے لئے ہیں۔
