کویت کے دارالحکومت کویت سٹی میں لوگ چینی فنون لطیفہ کی نمائش "دور اور قریب” کے عنوان سے منعقدہ نمائش دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
کویت سٹی(شِنہوا)چینی فنون لطیفہ کی نمائش "دور اور قریب” کے عنوان سے کویت کے دار الآثار الاسلامیہ میں شروع ہوگئی جو کہ کویت سٹی کا ایک اہم عوامی عجائب گھر ہے۔ یہ نمائش 2026 تک جاری رہے گی اور چین اور کویت کے درمیان تاریخی و ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرے گی۔
کویت کے وزیراعظم شیخ احمد العبداللہ الصباح کی سرپرستی میں منعقد کی جانے والی نمائش میں کویتی شہریوں کے جمع کردہ 128 نوادرات شامل ہیں جو چینی اور اسلامی تہذیبوں کے درمیان صدیوں پر محیط فن و ثقافت کے تبادلے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
کویت کے وزیر اطلاعات و ثقافت اور وزیر مملکت برائے امور نوجوانان عبدالرحمان المطیری نے اس نمائش کو ثقافتی تعاون میں ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی احترام اور شراکت داری کو فروغ دینے میں دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔
کویت میں چینی سفارت خانے کے ناظم الامور لیو شیانگ نے کہا کہ یہ نمائش چین اور کویت کے درمیان سچی دوستی کی علامت ہے اور جاری ثقافتی تعاون کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کویتی حکام کے ساتھ مل کر باہم سیکھنے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
