پاکستان اور آسٹریلیا نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی، اس موقع پروزیر مملکت طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور آسٹریلیا کے ہائی کمیشن کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک آسٹریلیا تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کوسٹ گارڈز، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں، ایسے افراد کو وطن واپسی پر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر قانونی انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں آسٹریلوی ہائی کمشنر کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر نے حالیہ ناخوشگوار واقعات میں پولیس افسر اور دہشت گرد حملوں میں فورسز کے افسروں وجوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کا عالمی طور پر مقام اور وقار بڑھا ہے۔
انہوں نے قذافی سٹیڈیم کی خوبصورت انداز میں بحالی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں اسلام آباد کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے قابل ستائش ہیں اور شہر میں واضح بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یادگار وقت گزرا، لاہور میں دربار بی بی پاک دامن میری پسندیدہ جگہ ہے۔
