پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ، مواصلاتی رابطوں میں اضافے پر اتفاق کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سےقازقستان کے سفیر یرزہان کستافن کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مواصلاتی رابطوں میں اضافے پر اتفاق ہوا،ملاقات میں کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے قازقستان کے لیے براہ راست پروازوں کی تجویز پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نےکہا کہ دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے مواصلات کو وسعت دینا ناگزیر ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ قازق بزنس کمیونٹی کو چوبیس گھنٹوں میں دو سال کا ویزہ فراہم کیا جائےگا جبکہ دونوں ممالک کےچیمبر آف کامرس اراکین کو پانچ سالہ ملٹی پل ویزہ دینےکی تجویز بھی زیر غور ہے۔
فریقین نےپاکستان کے بڑے شہروں میں بزنس کمیونٹی کےمشترکہ اجلاس اور لاہور میں بزنس فورم کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔
قازقستان کےسفیر نےکہا کہ ان کا ملک پاکستان تک تجارتی راہداری کی تعمیر میں دلچسپی رکھتا ہے جس کے لیے افغانستان، چین یا دیگر آپشنز پر غور کیا جا سکتا ہے۔
عبدالعلیم خان نے یقین دلایا کہ پاکستان مواصلات کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا اور اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ملاقات میں خطے کی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
