لاہور: جماعت اسلامی نے وفاقی حکومت کو بارشوں و سیلاب سے پیدا صورتحال میں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
جاری بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا، کشمیر و شمالی علاقوں میں آنیوالے سیلابی ریلوں سے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
حافظ نعیم نے حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے دوران حکومت کی معاونت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت کے کارکنان پہلے ہی امدادی سرگرمیاں شروع کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں بھی سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر متاثرہ عوام کی مدد کیلئے فوری اور موثر اقدامات کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر این ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں 500 ٹن سے زائد امدادی سامان روانہ کرنے کے بارے میں بتایا اور جماعت اسلامی کے تعاون کو سراہتے ہوئے حافظ نعیم کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
