چین کے دارالحکومت بیجنگ میں وسطی کاروباری ضلع کی فلک بوس عمارتوں کا منظر-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے 70 بڑے اور درمیانے درجے کے شہروں میں جولائی کے دوران کمرشل رہائشی مکانات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان گزشتہ سال کی نسبت مسلسل کم ہوا ہے۔
چین کے قومی ادارہ شماریات (این بی ایس) کے مطابق اول درجے کے 4 شہروں بیجنگ، شنگھائی، گوانگ ژو اور شین زین میں جولائی کے دوران نئے مکانات کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.1 فیصد کمی ہوئی جبکہ قیمتیں کم ہونے کی رفتار میں جون کے مقابلے میں 0.3 فیصد پوائنٹس کمی ہوئی۔
این بی ایس کے مطابق ملک کے اقتصادی مرکز شنگھائی میں گزشتہ ماہ نئے گھروں کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 6.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں جولائی کے دوران نئے گھروں کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت بالترتیب 2.8 فیصد اور 4.2 فیصد کمی ہوئی تاہم ان شہروں میں بھی کمی کی رفتار میں بالترتیب 0.2 اور 0.4 فیصد پوائنٹس کی بہتری دیکھی گئی۔
این بی ایس کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اول درجے کے 4 شہروں میں نئے گھروں کی قیمتیں جون کے مقابلے میں 0.2 فیصد کم ہوئیں جبکہ دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں نئے گھروں کی قیمتیں بالترتیب 0.4 فیصد اور 0.3 فیصد کم ہوئیں۔
