بیروت: جنوبی لبنان کے سرحدی گاؤں پر اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کا ایک رکن جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
لبنان کے فوجی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیارے نے عيترون گاؤں میں ایک مکان کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں یہ جانی نقصان ہوا۔
ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس کی ایک گاڑی کے ذریعے جاں بحق شخص کی میت اور زخمی کو بنت جبیل شہر کے سرکاری ہسپتال پہنچایا گیا۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں چار دیہاتوں اور قصبوں پر 9 فضائی حملے کیے اور 11 قصبوں پر گولہ باری کی۔اسرائیل کی جانب سے فائر کیے گئے فاسفورس کے گولوں سے جنوبی لبنان کے مشرق میں واقع مرجعيون میں وسیع رقبے پرآگ بھڑک اٹھی شہری دفاع کے اہلکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
