پشاور: وزیرتعمیرات ومواصلات خیبرپختونخوا شکیل احمد خان نے عہدے سے احتجاجااستعفیٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین کرپشن کے سرغنہ، کسی اور کے اشاروں پرکام کررہے ہیں، کرپٹ نظام میں کابینہ کا حصہ رہنا ممکن نہیں، خراب حکمرانی اور بدعنوانی نے پارٹی کا منشور تباہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعمیرات و مواصلات خیبرپختونخواشکیل احمد خان نے احتجاجا اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھجوا دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے اختلافات اصولوں کی بنیاد پر ہیں لیکن میرا ووٹ بانی پی ٹی آئی کا ہے، میں اپنے آپ کو تمام فورمز پر احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین اس وقت صوبے میں کرپشن کے سرغنہ ہیں وہ کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ نظام میں کابینہ کا حصہ رہنا ممکن نہیں،صوبائی حکومت اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹ گئی ہے علی امین نے عمران خان کے اصولوں کو پاؤں تلے روند دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت بنیادی اصولوں اور وعدوں پر سمجھوتا کر رہی ہے،خراب حکمرانی اور بدعنوانی نے پارٹی کا منشور تباہ کردیا ہے۔
