وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے چین کے شہر شیان میں شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) ممالک کے دوسرے ٹیلی ویژن فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بطور "مہمان اعزاز شرکت کی اورصدرمملکت آصف علی زرداری کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت پاکستان اور اپنی طرف سے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کا موضوع "شنگھائی سپرٹ کے بنیادی اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے جو باہمی اعتماد و مفاد ، مساوات، مشاورت، متنوع ثقافتوں کے احترام اور مشترکہ ترقی کو فروغ دیتا ہے۔ یہ اقدار اس تقریب میں واضح طور پر جھلکتی ہیں جو ہماری اقوام کے باہمی تعلقات کو تقویت دیتی ہیں۔
صدر مملکت کے پیغام میں کہا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جو علاقائی امن، اقتصادی ہم آہنگی اور تزویراتی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی متنوع کیمیونٹیز کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، ثقافتی پذیرائی اور اعتماد کو فروغ دینے کے لئے عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے پر بہت زور دیتا ہے۔
انہوں نے فیسٹیول کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔پیغام میں کہا گیا کہ یہ متحرک اقدام شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں پائیدار تعاون کا ثبوت ہے۔ یہ عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے، مشترکہ ثقافتی ورثے کو اجا گر کرنے اور سمعی و بصری اظہار کے طاقتور ذریعہ کی وساطت سے متنوع تہذیبوں میں باہمی افہام و تفہیم اور احترام کو فروغ دینے میں اہم کردار کا حامل ہے۔
