اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلپرتگال چین کے ساتھ ترسیلی نظام کی شراکت داری کو وسعت دینے...

پرتگال چین کے ساتھ ترسیلی نظام کی شراکت داری کو وسعت دینے کا خواہش مند ہے،صنعتی رہنما

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہونے والی تیسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین نمائش (سی آئی ایس سی ای) کے اعلیٰ پیداواری حصے میں ہوا بازی کے ترسیلی نظام کا سٹال دکھائی دے رہاہے۔(شِنہوا)

لزبن(شِنہوا)پرتگال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کےسیکرٹری جنرل برنارڈو میندیا نے کہا ہے کہ پرتگال۔ چائنہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی ایل سی) تیسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین نمائش (سی آئی ایس سی ای) میں پہلی بار شرکت کرکے چین کے ساتھ ترسیلی نظام کی شراکت داری کو گہرا کرنے کا خواہش مند ہے۔

میندیا جو 16 سے 20 جولائی تک بیجنگ میں منعقد ہونے والی اس سال کی سی آئی ایس سی ای میں پرتگال کے وفد کی قیادت کررہے ہیں، نے شِنہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں نے کہا کہ یہ ایونٹ دو طرفہ تعاون کے لئے ایک نہایت تعمیری پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک نمائش نہیں بلکہ یہ چین اور پرتگال کے لئے اپنے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو گہرا کرنے اور ترسیلی نظام کی شراکت داری کو وسعت دینے کا ایک اہم موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تجارتی نظام کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں بڑھتی ہوئی تحفظ پسندی،رسد کے نظام میں خلل اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں شامل ہیں۔سی سی آئی ایل سی کے نکتہ نظر سے میندیا نے کہا کہ سی آئی ایس سی ای نئے حل، کاروباری نمونوں اور تعاون پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کا ایک منفرد پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال نمائش میں پرتگال کی شرکت کی کافی وجوہات ہیں،ایک طرف سی آئی ایس سی ای ایک اعلیٰ سطح کا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جس کی عالمی سطح تک رسائی ہے، اس کا مضبوط اثرورسوخ ہے،یہ پرتگالی کاروباری اداروں کو چین کی منڈی کے ساتھ رابطے قائم کرنے اور  یہاں اپنی موجودگی بڑھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب وقت کے ایک اہم موڑ پر ترسیلی نظام پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرتگالی وفد میں ایسی کمپنیاں اور ادارے شامل ہیں جو مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں بحری انجینئرنگ، آف شور توانائی، تصدیقی خدمات، انشورنس، تعلیمی سرمایہ کاری اور سرحد پار قانونی خدمات شامل ہیں۔ میندیا نے کہا کہ پرتگال رقبے کے لحاظ سے چاہے چھوٹا ہولیکن ہماری کمپنیاں انتہائی بین الاقوامی نوعیت کے حامل ہیں۔

میندیا نے بین الاقوامی نقل و حمل کے شعبے میں پرتگال اور چین کے درمیان تعاون کی ممکنہ گنجائش پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک جغرافیائی لحاظ سے تزویراتی اہمیت کے حامل ہیں، ان کے بندرگاہی، فضائی، ریلوے اور نقل و حمل کے ڈھانچے کے درمیان بڑھتا ہوا ربط امید افزا امکانات کی نشاندہی کرتا ہے۔

چین-یورپ تعاون کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ سمندری، ریلوے یا فضائی نقل و حمل میں مزید توسیع کے لئے کافی گنجائش موجود ہے تاکہ زیادہ موثر، ذہین اور ماحول دوست حل تیار کئے جا سکیں۔

انہوں نے نمائش کے وقت اور اہمیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ عالمی ترسیلی نظام پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے دوران بات چیت اور تعاون میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

میندیا نے کہا کہ پرتگال چین کے ساتھ اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور عالمی ترسیلی نظام کی جاری تبدیلی میں ایک بڑا کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرتگالی وفد میزبانوں کی جانب سے گرمجوش استقبال اور مضبوط حمایت سے بہت متاثر ہوا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!