پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں میں اب تک 30 افراد کی جان جا چکی ہے اور متعدد افراد زخمی ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 30افراد جان سے گئے۔ لاہور میں مختلف مقامات پر چھتیں گرنے سے 12 افراد ملبہ تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 6 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مشن کالونی رائیونڈ میں چھت گرنے سے خاندان کے سربراہ سمیت 3 افراد جان بحق ہوگئے۔ کوٹ جمال پورہ رائیونڈ کے علاقہ میں چھت گرنےسے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقہ میں چھت گرنے سے دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان سے چلے گئے جبکہ باپ بیٹی زخمی ہوئے۔ مومن پورہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، مکان کے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بارش کے باعث گرنے والی چھتیں بانس، سرکی، مٹی اور لکڑی سے بنائی گئی تھیں جو مسلسل بارش کے باعث وزن نہ اٹھا سکیں اور زمین بوس ہوگئیں۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں رات سے اب تک مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سیالکوٹ، ڈسکہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔ فیصل آباد میں چھتیں گرنے سے 6، پاکپتن اور اوکاڑہ میں 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔
اوکاڑہ میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچیاں جاں بحق ہوئیں۔ شیخوپورہ میں دو، ننکانہ صاحب اور فاروق آباد میں 3 افراد جان سے گئے۔ اوکاڑہ میں بارش سے ایم اے جناح روڈ پر کمرشل بلڈنگ زمین بوس ہوگئی۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب راجن پور میں کوہ سلیمان پر بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، رود کوہی سیلابی ریلوں سے مختلف دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ شمال مشرقی بلوچستان میں بارش سے ندیوں میں طغیانی آگئی۔ آزاد کشمیر، مظفرآباد، وادی نیلم، وادی جہلم، وادی لیپہ، کرنا اور پونچھ ڈویژن میں بھی بارش ہوئی۔
مزید بارشوں کی پیشگوئی
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے، لاہورسمیت دریاؤں کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم میں بارش کی توقع ہے، اٹک، چکوال، مری، میانوالی،نارووال،گجرات،سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں بھی تیزبارش اور آندھی کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، طوفانی بارش سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
