امریکی ریاست واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کا بیرونی منظر-(شِنہوا)
نیویارک(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ انڈونیشیا سے امریکہ کو برآمد کی جانے والی تمام اشیاء پر 19 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا جبکہ انڈونیشیا کو امریکی برآمدات ٹیرف یا غیر ٹیرف رکاوٹوں سے آزاد ہوں گی۔
امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ٹروتھ سوشل” پر کہا کہ انہوں نے جمہوریہ انڈونیشیا کے انتہائی قابل احترام صدر پرابوو سوبیانتو سے گفتگو کے بعد ایک اہم معاہدے کو حتمی شکل دی ہے۔ یہ تاریخی معاہدہ پہلی بار امریکہ کے لئے انڈونیشیا کی پوری منڈی کھولتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت انڈونیشیا نے امریکہ سے 15 ارب ڈالر کی توانائی اور 4.5 ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات خریدنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ 50 بوئنگ طیارے بھی خریدے گا۔
ٹرمپ نے لکھا کہ پہلی بار ہمارے چرواہے، کسان اور ماہی گیر انڈونیشیا کی 28 کروڑ افراد پر مشتمل مارکیٹ تک مکمل رسائی حاصل کریں گے۔
منگل کو پنسلوانیا کے شہر پٹسبرگ روانہ ہونے سے قبل صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں انڈونیشیا تانبے کے شعبے میں بہت مضبوط ہے لیکن ہمارے پاس ہر چیز تک مکمل رسائی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انڈونیشیا نایاب ارضیاتی عناصر اور دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔
ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ مزید چند معاہدوں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ بھارت بھی اسی طرز پر کام کر رہا ہے اور ہمیں بھارت تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔
