چینی وزیر خارجہ وانگ یی ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
تہران(شِنہوا)ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہاہے کہ یورینیم افزودگی کی کسی بھی ملکی تنصیب کو ختم نہیں کیا جائے گا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق انہوں نے ایرانی دارالحکومت تہران میں 36 ویں تہران عالمی کتاب میلے کے دورےکے موقع پر امریکہ کے ساتھ عمان کی ثالثی میں جاری بالواسطہ جوہری مذاکرات میں ایرانی موقف کی وضاحت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جوہری معاملے پر اعتماد پیدا کرکے شفافیت کی پیشکش کر رہے ہیں تاہم یورینیم کی افزودگی ترک نہیں کریں گے۔ افزودگی کی کسی بھی تنصیب کو ختم نہیں کیا جائے گا اور یہ ہمارا اصولی موقف ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنے جوہری حقوق کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے ذریعے پابندیوں میں نرمی چاہتا ہے۔ ہم پابندیاں ختم کرنے کے عوض دوسرے فریق کو اعتماد قائم کرنے اور شفافیت کی پیشکش کرنے کو تیار ہیں۔
عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات میں یورینیم کی افزودگی سمیت ایرانی عوام کے جوہری حقوق کا دفاع ملک کے بنیادی موقف اور اصولوں میں شامل ہے۔
