چین کے ہوانگ یان ڈاؤ سے متصل پانیوں میں چائنہ کوسٹ گارڈ کا بیڑا 3502 فارمیشن ٹریننگ میں شریک ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے ایک دفاعی ترجمان نے فلپائن پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی خطرناک خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی کو روکے۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان جیانگ بن نے ان خیالات کا اظہار اس وقت کیا جب ان سے فلپائن کی جانب سے چین کے ہوانگ یان ڈاؤ کی سمندری حدود میں دراندازی کے لئے بار بار بحری جہاز بھیجنے اور چینی فوجی جہازوں پر خطرناک چالیں چلانے کے جھوٹے الزامات پر تبصرہ کرنے کے لئے کہا گیا۔
جیانگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہوانگ یان ڈاؤ چین کا اٹوٹ انگ ہے۔ فلپائن کے فوجی جہازوں نے حالیہ دنوں میں چین کے ہوانگ یان ڈاؤ کی سمندری حدود میں دراندازی کی کوشش کی ہے۔
چین کی جانب سے انہیں روکنے اور بے دخل کرنے سے متعلق ضروری اقدامات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کے اقدامات جائز، قانونی، پیشہ ورانہ اور روک تھام سے متعلق تھے جبکہ فلپائن کے اقدامات انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھے اور انہوں نے خطرناک طریقے سے چینی بحری جہازوں کے قریب پہنچ کر چین کی خودمختاری اور سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کیا۔
جیانگ نے زور دیا کہ فلپائن علاقائی خودمختاری، بحری حقوق اور مفادات کے تحفظ میں چین کے پختہ عزم کو چیلنج کرنے سے گریز کرے بصورت دیگر وہ اپنے اقدامات کا خود ذمہ دار ہوگا۔
