چین کے جنوبی ہانگ کانگ میں سیاح ایونیو آف اسٹارز کا دورہ کررہے ہیں۔(شِنہوا)
ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ نے 2025 کے پہلے 2 ماہ کے دوران 84 لاکھ سیاحوں کی آمد کا اندراج کیاہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 7 فیصد اضافہ ہے۔
ہانگ کانگ سیاحتی بورڈ(ایچ کے ٹی بی) نے کہاہے کہ ان میں سے تقریباً 65 لاکھ سیاحوں کی آمد مین لینڈ سے ہوئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 فیصد زائد ہے۔ دیگر مقامات سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا جو 19 لاکھ10ہزار تک پہنچ گئی اور یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زائد ہے۔
قرب و جوار میں موجود منڈیوں نے خاص طور پر مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا،ان میں رپورٹنگ کے مہینوں میں 11 لاکھ 30ہزار سیاحوں کی آمد کا اندراج کیا گیا جو کہ 26 فیصد زائد ہے۔ خاص طور پر فلپائن، انڈونیشیا، جاپان، اور جنوبی کوریا سے آنے والے مسافروں کی تعداد میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
طویل فاصلے کے شعبے میں تقریباً 5لاکھ سیاحوں کی آمد ہوئی جو 20 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے جبکہ آسٹریلیا 34 فیصد سیاحوں کی متاثر کن شرح نمو کے ساتھ سب سے آگے رہا۔
مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے سیاحتی بورڈ نے "ہانگ کانگ گریٹ آؤٹ ڈورز” کے عنوان سے ایک نئے پروگرام پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے جو عالمی سیاحوں کو شہر کے خوبصورت ہائیکنگ ٹریلز، دور دراز کے جزائر اور جیولوجیکل پارکس سے متعارف کرانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ہانگ کانگ کی خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کی جانب سے مالی سال 2025/2026 کے لیے حالیہ بجٹ کی تجویز میں سیاحتی بورڈ کے لیے 1.235 ارب ہانگ کانگ ڈالرز (15کروڑ 88لاکھ امریکی ڈالرز) کی اہم رقم مختص کی گئی ہے، اس کا مقصد "سیاحت ہر جگہ ہے” کے تصور کو حقیقت میں بدلنا اور ہانگ کانگ کی سیاحت کی صنعت کے لیے ترقیاتی خاکے 2.0 کو نافذ کرنا ہے۔
