بانی پی ٹی آئی کے وکیل عبداللطیف کھوسہ نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹس فراہمی کیلئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔
خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی گرتی صحت اہل خانہ اور عوام کیلئے تشویش کا باعث ہے، بیماری کے دوران بھی عمران خان کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے، عدالتی حکم پر ان کا طبی معائنہ ہوا مگر اہل خانہ کو لاعلم رکھا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اہل خانہ اور پارٹی قائدین کو بلایا گیا لیکن وہ نہیں آئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ و پارٹی قیادت کو طبی معائنے کے وقت بلانے کا دعوی بالکل غلط ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اہل خانہ کو آگاہ کئے بغیر خفیہ طبی معائنے نے کئی خدشات کو جنم دیا ہے، طبی معاملے سے اہل خانہ کو باہر رکھنے سے پریشانی اور خدشات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
خط میں بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس فراہم ،ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر عاصم کو معائنے کی اجازت دینے، بہتر علاج کی غرض سے عمران خان کو الشفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔




