این ایچ اے نے 295ارب روپے کے خسارے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ دعوے محض اکائونٹنگ فرق کا نتیجہ ہیں، منفی تاثر درست نہیں، ادارہ مالی طور پر مستحکم و فعال انداز میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہے۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق مالی سال 2024-25ء میں ادارے کی آپریٹنگ آمدن 43.6 ارب روپے ریکارڈ کی گئی، جو 122.021ارب روپے کی آمدن اور 78.409ارب روپے کے آپریٹنگ اخراجات کے فرق سے حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے آپریشنز کیش پوزیٹو ہیں، ادارہ مسلسل آپریشنل منافع برقرار رکھے ہوئے ہے، جو اس کے مالی استحکام کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹول ٹیکس کی 81فیصد وصولی ایم ٹیگ کے ذریعے یقینی بنائی جا رہی ہے جس سے شفافیت اور ریونیو میں بہتری آئی، وفاقی پی ایس ڈی پی پر بوجھ کم کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے قرضوں کی درجہ بندی اور واپسی کا نیا فریم ورک بھی تیار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ این ایچ اے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کیلئے وفاقی حکومت پر بوجھ نہیں، انتظامی اخراجات کیلئے بھی وفاقی بجٹ سے کوئی رقم نہیں لی جاتی، حالیہ عرصے میں آپریٹنگ آمدنی میں 63فیصد نمایاں اضافہ جبکہ سڑکوں کی دیکھ بھال کے اخراجات میں 31فیصد کمی لائی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ادارے سے متعلق منفی تاثر درست نہیں، این ایچ اے مالی طور پر مستحکم و فعال انداز میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہے۔




