وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے انصاف فراہمی کیلئے بار اور بینچ میں تعاون ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی عینک لگا کر 70فیصد، دوسری آنکھ کی 6/6ہے، موٹر ویز، جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام، خیبر پختونخوا حکومت آئین و قانون کی پاسداری کرے۔
شیخو پورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلاء کے مسائل کا ادراک ہے، ان کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، انصاف کی فراہمی کیلئے بار اور بینچ میں تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرعظم کی قیادت میں مشکل فیصلوں کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام اشد ضروری ہے، ریاست پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر ہمارا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام ہے، خیبر پختونخوا حکومت آئین اور قانون کی پاسداری کرے، ہم سب نے مل کر اس ملک کو بہتری کی طرف لے جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طبی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے، اپوزیشن رہنمائوں اور بانی کے ذاتی معالجین کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی عینک لگا کر 70فیصد ،دوسری آنکھ کی 6/6 ہے۔




