چین کی میڈیکل ٹیم کے چودھویں دستے نے چین گھانا فرینڈشپ (لیکما) ہسپتال کے تعاون سے پیر کے روز دارالحکومت آکرا میں مقامی سرجنوں کے لئے ایک جدید طبی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔
میڈیکل ٹیم کے سربراہ یانگ یونگ گوانگ نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام لیپروسکوپک کم سے کم جراحی (منیملی اِنویسیو) اور موتیے کے آپریشن پر مرکوز ہے۔ اس کا مقصد تعلیمی تبادلے اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لئے ایک مضبوط تعلیمی پلیٹ فارم قائم کرنا اور گھانا میں اس جدید طریقۂ علاج کے وسیع تر استعمال کو فروغ دینا ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (انگریزی): یانگ یونگ گوانگ، سربراہ، 14ویں چینی میڈیکل ٹیم، گھانا
"ہماری مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں یہ ہسپتال ایک عام طبی ادارے سے ترقی کرتے ہوئے علاقے کا بڑا طبی مرکز بن چکا ہے جو کم سے کم جراحی اور موتیے کے علاج میں اپنی نمایاں صلاحیتوں کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ چینی طبی ٹیم کی معاونت سے اس ہسپتال میں کم سے کم چیرا لگانے والی اور موتیے کے علاج کی جدید انداز کی سرجریاں کامیابی سے انجام دی گئیں جن میں سے متعدد نہ صرف گھانا بلکہ پورے مغربی افریقہ میں اپنی نوعیت کی پہلی مثالیں تھیں۔”
لیکما ہسپتال کے سرجیکل یونٹ کے سربراہ مہامودو زکریا نے کہا کہ جدید طبی علاج میں لیپروسکوپک سرجری ہی سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ اس کے ذریعے سرجری کم وقت میں ہو جاتی ہے اور خون کا نقصان بھی کم ہوتا ہے۔
انہوں نے ہسپتال میں لیپروسکوپک سرجری کی ترقی میں چین کے طبی عملے اور کاروباری برادری کے تعاون کو سراہا۔
ساؤنڈ بائٹ 2 (انگریزی): مہامودو زکریا، سربراہ سرجیکل یونٹ، لیکما ہسپتال
"یہ عمومی سرجری کا مستقبل ہے، جس میں کم سے کم جراحی کی تکنیک اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اب تقریباً پیٹ کی ہر سرجری لیپروسکوپک طریقے سے کی جا رہی ہے۔ اس طرح کئی صورتوں میں جسم کے اندر داخلے کے چھوٹے راستے استعمال ہونے کی وجہ سے خون کا نقصان بھی کم ہوتا ہے۔ یہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور ہم سب کو اس میں تعاون کرنا چاہئے۔”
زکریا کے مطابق اس تعاون سے دو اہم اہداف حاصل ہوئے ہیں۔ پہلا یہ کہ مقامی مریضوں کو سرجری کے اخراجات میں رعایت مل رہی ہے اور دوسرا یہ کہ گھانا کے سرجنز کو اس قابل بنایا جا رہا ہے کہ وہ عملی تجربے سے گزریں اور اس تکنیک میں عبور حاصل کریں۔
آکرا سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ




