چین کے جنوبی گوانگ شی ژو آنگ خود مختار علاقے کے شہر چھن ژو کی چھن ژو بندرگاہ پر کنٹینر ذخیرہ گاہ کو دیکھا جاسکتا ہے۔ (شِنہوا)
چھونگ چھنگ (شِنہوا) چین کے مغربی علاقوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے والے ایک اہم ترسیلی راستے نئی بین الاقوامی زمینی۔ سمندری راہداری سے اب 127 ممالک اور خطوں کی 555 بندرگاہوں منسلک ہیں۔
اس کا ایک آپریشنل مرکز چین کی جنوب مغربی بلدیہ چھونگ چھنگ میں ہے، یہ تجارتی راہداری چین کے گوانگ شی اور یون نان جیسے جنوبی صوبائی علاقوں کو ریلوے ، سمندری راستوں اور شاہراہوں کے ذریعے عالمی بندرگاہوں سے جوڑتی ہے۔ یہ مال برداری خدمت اب 73 مقامی شہروں میں 157 مقامات کا احاطہ کررہی ہے۔
چھونگ چھنگ بندرگاہ و ترسیل دفتر کے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے دوران تجارتی راہداری سے چھونگ چھنگ کے راستے 2 لاکھ 51 ہزار 800 سے زائد بیس فٹ مساوی یونٹس (ٹی ای یو) سامان کی ترسیل ہوئی،اس کی مجموعی مالیت 46.7 ارب یوآن (تقریباً 6.4 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس کی نسبت بالترتیب 41 فیصد اور 67 فیصد اضافہ ہے۔
نیو لینڈ سی کوریڈور آپریشن کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین لیو تائی پھنگ کا کہنا ہے کہ ہر سال تجارتی راہداری سے گزرنے والی ریل۔ سمندر ٹرینوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔ 2019 میں یہ تعداد 900 سے زائد تھی جو 2024 میں 10 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ سامان کی اقسام درجنوں سے بڑھ کر 1 ہزار 160 تک پہنچ گئی ہے۔
ننگ شیا کا گوجی بیری جوس، چھونگ چھنگ کے مالٹے اور گوئی ژو کی چائے جیسی چین کے مغربی علاقوں کی خاص مصنوعات تیز رفتار اور مئوثر راہداری پر انحصار کرتے ہوئے مقامی بیرونی تجارت کے لئے ترقی کے نئے محرکات بن چکی ہیں۔
اس کے علاوہ ان مغربی علاقوں سے نئی توانائی گاڑیوں کی برآمد بھی تیز ہوئی ہے جبکہ گاڑیوں کے مقامی اداروں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں کارخانے قائم کئے ہیں۔
