بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے کم سن بچوں کی فکری اور اخلاقی تربیت کے کام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ایک تزویراتی اور بنیادی ذمہ داری کے طور پر انجام دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بچوں کی صحت مند نشوونما کے لئے ایک سازگار سماجی ماحول تشکیل دینے کی خاطر مشترکہ کوششوں کی بھی زور دیا۔
شی جن پھنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے یہ بات اس حوالے سے جاری حالیہ ہدایات میں کہی۔
ان ہدایات میں شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ کاموں میں سکولوں، خاندانوں اور معاشرے کے درمیان باہمی تعلیمی نظام کو مضبوط بنایا جائے، تاکہ کم سن بچوں کی رہنمائی کی جا سکے کہ وہ بلند نظریات اپنائیں، بنیادی سوشلسٹ اقدار پر عمل کریں اور اچھی اخلاقی خصوصیات اور مثبت طرز عمل کی عادات پروان چڑھائیں۔
شی جن پھنگ کی ہدایات کے مطابق ایسی کوششیں بھی کی جانی چاہئیں کہ ایک نئی نسل کے باصلاحیت نوجوانوں کی تربیت کی جائے جو مضبوط اخلاقی بنیاد، فکری صلاحیت، جسمانی توانائی، جمالیاتی ذوق اور عملی کام کی مہارتوں کے حامل ہوں، تاکہ وہ سوشلزم کو ہمہ جہت طور پر ترقی دیں اور سوشلسٹ نصب العین کو آگے بڑھائیں۔
شی جن پھنگ کی یہ ہدایات پیر کے روز بیجنگ میں کم سن بچوں کی فکری اور اخلاقی تربیت سے متعلق منعقدہ ایک سیمپوزیم میں پہنچائی گئیں۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سی پی سی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے رکن کائی چھی نے اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔



