ماسکو(شِنہوا)کریملن کے پریس سیکرٹری دمتری پیسکوف نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے حالیہ بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس پرشدید تنقید کی ہےجس میں انہوں نے اتحادی ممبران پر زور دیا تھا کہ وہ روس کے ساتھ بڑے پیمانے کی جنگ کے لئے تیار رہیں۔
11 دسمبر کو ایک تقریر میں روٹے نے رکن ممالک کو خبردار کیا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر ایسے پیمانے کی جنگ کے لئے تیار رہیں جو ہمارے دادا یا پردادا کی برداشت کردہ جنگ کی طرح ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو روس کا اگلا ہدف بن سکتا ہے۔
پیسکوف نے کہا کہ نیٹو کے سربراہ سیدھا سادہ یہ نہیں سمجھتے کہ وہ کس بارے میں بات کر رہے ہیں اور ان کے بیانات ایسے شخص کے لگتے ہیں جو اس نسل سے تعلق رکھتا ہے جس نے دوسری عالمی جنگ کے حالات کو بھلا دیا ہے۔
کریملن کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ روسی جنگ کی ہولناکیوں کو یاد رکھتے ہیں اور اپنے آباؤ اجداد کی وراثت اور یورپ کو فسطائیت سے بچانے کے لئے دی گئی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ روس یورپ پر حملہ نہ کرنے کے اپنے عزم کو کسی بھی شکل میں دستاویزی شکل دینے کے لئے تیار ہے۔



