چین، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی اور قانونی امور کمیشن کے سربراہ چھن وین چھیانگ روسی فیڈریشن سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شوئی گو کے ساتھ چین ۔روس قانون نافذ کرنے اور سکیورٹی تعاون میکانزم کے 9 ویں اجلاس کی بیجنگ میں مشترکہ صدارت کررہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین ۔ روس قانون نافذ کرنے والے اور سکیورٹی تعاون میکانزم کا 9 واں اجلاس منعقد ہوا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کے ایک سینئر عہدیدار چھن وین چھیانگ نے روسی فیڈریشن کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شوئی گو کے ساتھ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی اور قانونی امور کمیشن کے سربراہ چھن کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ایک نئے دور کے لئے تعاون کی چین ۔ روس جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ میں اہم اتفاق رائے کیا جس سے دوطرفہ تعلقات اعلیٰ سطح پر فروغ پارہے ہیں۔
چھن نے کہا کہ رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے ، چین دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے کے مکمل طور پر نفاذ اور نئے دور میں چین۔ روس تعلقات کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی پر زور دینے کے لئے روس کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ 11 برس قبل چین۔روس قانون نافذ کرنے اور سکیورٹی تعاون بارے میکانزم قائم ہوا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے متعلقہ محکموں نے سیاسی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور عدالتی معاونت میں قریبی تعاون کرکے متعدد عملی نتائج حاصل کئے۔
چھن نے مزید کہا کہ چین روس کے ساتھ اسٹریٹجک رابطے گہرے کرنے، فریقین کے محکموں کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون کے فروغ ، سیاسی سلامتی، سائبر سکیورٹی، بیلٹ اینڈ روڈ سکیورٹی اور بین الاقوامی جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کی مجموعی ترقی اور استحکام کو بہتر طور پر یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر شوئی گو کا کہنا تھا کہ روس چین کے ساتھ سکیو رٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو جامع طور پر آگے بڑھانے کا خواہش مند ہے تاکہ دونوں ممالک کے سلامتی کے مفادات کو بہتر طریقے سے تحفظ دیا جاسکے۔
