ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے (ایچ کے ایس اے آر) میں چینی وزارت خارجہ کے کمشنر آفس کے ترجمان نے ہانگ کانگ میں انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو بدنام کرنے کے لئے حالیہ امریکی بیانات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
چین کے بارے میں امریکی کانگریس کے ایگزیکٹو کمیشن کے چیئرمین اور دیگر قانون سازوں کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کو بھیجے گئے ایک خط میں جمی لائی چی ینگ جیسے چین مخالف فسادی عناصر کی کھل کر حمایت کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جمی لائی چی ینگ اور دیگر چین مخالف فسادیوں نے قانون کی خلاف ورزی کی، ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے آئینی حکم اور "ایک ملک، دو نظام” کے اصول کو چیلنج کیا جبکہ قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کو سنگین خطرے میں ڈالا۔
ترجمان نے کہا کہ درحقیقت ہانگ کانگ میں قانون کی حکمرانی کا معیار بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور 2024 کے ورلڈ جسٹس پراجیکٹ رول آف لا انڈیکس میں امریکہ سے زیادہ درجہ رکھتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ میں مٹھی بھر چین مخالف سیاست دان انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی میں اپنے خراب ٹریک ریکارڈ کے بارے میں خاموش رہے ہیں تاہم انہوں نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے عدالتی نظام میں کھلم کھلا مداخلت اور عالمی قانون کی صریحاً خلاف ورزی کی ہے۔
ترجمان نے امریکہ میں چین مخالف سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ حقائق کو تسلیم کریں، ہانگ کانگ میں چین کی خودمختاری اور قانون کی حکمرانی کا احترام کریں اور سیاسی جوڑ توڑ اور مداخلت بند کریں۔
