پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ(پی ٹی سی ایل)نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے زیرِ سمندر کیبل میں نصب ایک ریپیٹر کی مرمت مکمل کر لی ہے جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار اور کنیکٹیویٹی بحال کر دی۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان عامر پاشا نیایک بیان میں کہا کہ مرمتی عمل 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے شروع ہوا تھا اور کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
سرکاری ملکیت میں چلنے والا پی ٹی سی ایل 3 زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبل نیٹ ورکس کا انتظام کرتا ہے جو پاکستان کو بین الاقوامی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرتے ہیں۔
ملک کو انٹرنیٹ فراہم کرنے والے کل 6 زیرِ سمندر کیبل سسٹمز میں پی ٹی سی ایل کے تین سسٹم، ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس(پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 2، اور سائبر انٹرنیٹ سروسز کی پیِیس کیبل شامل ہیں۔
ان زیر سمندر کیبل سسٹمز کی مجموعی صلاحیت 13 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ ہے، جب کہ قومی سطح پر استعمال 7 سے 8 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ کے درمیان ہے۔
