جمعہ, اکتوبر 17, 2025
پاکستانافواج پاکستان کا بھارتی فوجی قیادت کے من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈے...

افواج پاکستان کا بھارتی فوجی قیادت کے من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈے پر اظہار تشویش

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کا من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈا دہرانا انتہائی تشویشناک ہے، لگتا ہے بھارتی فوج و سیاسی قیادت معرکہ حق کی شکست تسلیم نہیں کر پائی، غیر ضروری گھمنڈ ،بیجا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتے ہیں، دھرتی کے ہر انچ کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، کسی بھی جارحیت کا جواب تیز و بھرپور انداز میں دیا جائیگا جو دشمن کی اگلی نسلیں تک یاد رکھیں گی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کے 5 ماہ بعد بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے پیش نظر بھارتی فوجی قیادت نے وہی من گھڑت اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا دوبارہ دہرانا شروع کر دیا ہے، ایک جوہری قوت کی فوجی قیادت کا سیاسی دبائو میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دینا افسوسناک ہے، بھارتی فوجی پریس ریلیز میں تضادات اتنے واضح ہیں کہ اسے جواب کے قابل نہیں سمجھنا چاہئے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت اپنی منشا کے مطابق بالی ووڈ طرزِ عمل پر بے بنیاد مناظر اور تاریخ گھڑ رہی ہے، ایسا لگتا ہے بھارتی فوج اور اس کی سیاسی قیادت معرکہ حق کی شکست تسلیم نہیں کر پائی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اب بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا اصلی چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز مانتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اپنے عوام اور پڑوسیوں کے مفاد کے منافی مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر اڑا ہوا ہے، بھارتی عوام اور عالمی برادری کو جھوٹ باور کروائے جا رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہر پیشہ ور فوجی جانتا ہوگا کہ غیر ضروری گھمنڈ اور بیجا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتے ہیں، ایسے عمل سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ واضح کردیں کہ پاکستانی عوام اور افواج اپنی دھرتی کے ہر انچ کے دفاع کیلئے پوری صلاحیت اور پختہ عزم رکھتی ہیں،بھارتی مسلح افواج اور اس کے سیاسی آقائوں کو پاکستانی صلاحیت اور عزم کو سمجھ لینا چاہئے، ہر جارحیتی اقدام کا جواب تیز،پختہ اور بھرپور انداز میں دیا جائے گاجو اگلی نسلیں یاد رکھیں گی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!