اتوار, جولائی 27, 2025
بیلٹ اینڈ روڈ+سی پیکاقتصادی راہداری کو ماڈل منصوبہ بنانے کیلئے پاکستان سے مل کرکام کرنے...

اقتصادی راہداری کو ماڈل منصوبہ بنانے کیلئے پاکستان سے مل کرکام کرنے کیلئے تیار ہیں، چینی وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف اور چینی وزیراعظم لی چھیانگ نئے گوادر بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تکمیل کے حوالے سے ایک تقریب کے دوران اسلام آباد میں مصافحہ کر رہے ہیں-(شِنہوا)

اسلام آباد(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین،  چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ایک ماڈل منصوبے میں تبدیل کرنے کے لئے پاکستان سے مل کر مزید  کوششیں کرنے کو تیار ہیں۔

نئے گوادر بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تکمیل کے سلسلے میں وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے  چینی وزیراعظم نے کہا کہ نیا ائیر پورٹ گوادر بندرگاہ کے علاقائی رابطے کا مرکز بننے کے لئے ایک اہم سہولت اور سی پیک کی تعمیر کو مزید مضبوط کرنے کی ایک علامت ہے۔

لی چھیانگ نے کہا کہ اپنے آغاز سے لے کر اب تک سی پیک نے دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں سے  مفید نتائج حاصل کئے ہیں اور پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی اور علاقائی انضمام کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین سی پیک تعاون پر وسیع مشاورت، مشترکہ تعاون و فوائد کے اصولوں پر عمل، ماحول دوست اور سالمیت پر مبنی اعلیٰ معیار کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور پائیداری کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

لی چھیانگ  نے کہا کہ نیا بین الاقوامی ایئرپورٹ پاکستان او چین کے درمیان خصوصی دوستی کی واضح تصویرہے۔چینی صدر شی جن پھنگ اور پاکستانی رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی کے تحت چین اور پاکستان کے درمیان سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مسلسل مضبوط ہوئی ہے۔ بین الاقوامی صورتحال میں ہرامتحان پر پورا اترنے والی پاک چین آہنی دوستی اٹوٹ ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعلقات قائم کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد فراہم کرنے کے لئے چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے نئے گوادر ایئرپورٹ کو دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کی ایک مزید مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ کی تکمیل سے گوادر کی بندرگاہ ایک مرکز کے طور پر اپنا کردار بہتر طور پر ادا کرے گی اور پاکستان کو ترقی کے بے مثال مواقع میسر آئیں گے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان سی پیک کے  ”توسیع شدہ منصوبے ” پر تعاون تیز کرنے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ پاک۔ چین تعلقات میں مزید  مفید  نتائج کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!