چینی صدر شی جن پھنگ چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کے دارالحکومت چھنگ دو میں انڈونیشین صدر جوکو ویدودو سے ملاقات کر رہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے مشترکہ فروغ، جکارتہ-بان ڈونگ تیز رفتار ریلوے کی پائیدار فعالیت یقینی بنانے اور دونوں ملکوں کے بہتر فائدے کے لئے تعاون کے مزید مواقع پیدا کرنے کی غرض سے انڈونیشیا کے ساتھ مل کر کام کرنےکا خواہاں ہے۔
شی جن پھنگ نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویدودو نے انڈونیشیا کے صدر کے طور پر اپنے 10 سالہ دور میں 8 مرتبہ چین کا دورہ کیا اور 12 مرتبہ ان سے ملاقات کی جو مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کے قیام کے ساتھ ساتھ مجموعی تزویراتی تعاون کے نئے طرز پر تعمیر کا نیا باب کھلنے کا باعث بنا۔
چینی صدر نے کہا کہ چین ویدودو کی جانب سے چین-انڈونیشیا دوستی میں اہم کردار کو نہایت سراہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی انڈونیشین حکومت چین کے حوالے سے اپنی دوستانہ پالیسی جاری رکھے گی اور مشترکہ مستقبل کے حامل چین- انڈونیشیا معاشرے کی تعمیر کو ایک بلند سطح پر لے جائے گی۔
اگلے سال بان ڈونگ کانفرنس کے 70 سال کی تکمیل کا حوالہ دیتے ہوئے شی جن پھنگ نے کہا کہ چین پر امن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں اور بان ڈونگ کے جذبے کو آگے بڑھانے، عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کی مضبوطی، ترقی پذیر ملکوں کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور عالمی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے فروغ کے لئے تیار ہے۔
اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران انہوں نے صدر شی کے ساتھ گہری دوستی استوار کی جو جامع تزویراتی شراکت داری اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کے حوالے سے بڑی کامیابیوں کا باعث بنی۔
