بیجنگ: چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ کچھ چینی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافے کے لیے امریکہ کے دفعہ 301 کے غلط استعمال پر چین کو سخت عدم اطمینان ہے اور وہ اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے دفعہ 301 کے تحت چین کے خلاف ٹیکس اقدامات کے قانونی جائزے سے متعلق حتمی ترامیم کا اعلان کیا تھا۔
وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ چین نے دفعہ 301 کے تحت ٹیکس سے متعلق بار بار امریکہ کے سامنے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی تجارتی تنظیم پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے کہ دفعہ 301 کے تحت عائد ٹیکس عالمی تجارتی تنظیم کے قوانین کی پامالی ہے۔ تاہم اپنی غلطیاں درست کرنے کے بجائے امریکہ نے چینی مصنوعات پر ٹیکس میں مزید اضافہ کیاجو ایک کے بعد دوسری غلطی دہرانے کے مترادف ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام یکطرفہ اور تجارتی تحفظ پسندی کا ایک عمومی عمل ہے۔ اس سے عالمی تجارتی نظام کے ساتھ ساتھ عالمی صنعتی اور سپلائی چینز کی سلامتی اور استحکام کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
