چین کے جنوبی ہانگ کانگ میں بلند و بالا عمارتوں کا منظر-(شِنہوا)
ہانگ کانگ(شِنہوا)چین کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت نے امریکی محکمہ خارجہ کی سال 2024 کی انسانی حقوق کی نام نہاد رپورٹ میں ہانگ کانگ سے متعلقہ حصے پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور تعصب پر مبنی قرا ر دے کر سختی سے مسترد کردیا ہے۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ایچ کے ایس اے آر حکومت امریکہ کی جانب سے ہانگ کانگ کے خلاف نام نہاد رپورٹ کے ذریعے دہرانے والے حربوں پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتی ہے اور اسے مسترد کرتی ہے۔ ہانگ کانگ میں ایک ملک دو نظام کا اصول کامیابی سے نافذ العمل ہے۔امریکہ ایک مرتبہ پھر سیاست کے ذریعے قانون کی حکمرانی کو نظرانداز کر رہا ہے اور انسانی حقوق کے معاملے کو سیاسی رنگ دےرہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نام نہاد امریکی رپورٹ میں ایچ کے ایس اے آر میں قومی سلامتی کے تحفظ کے متعلق قانون سازی کے حوالے سے مواد بالکل لغو اور بے بنیاد ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہانگ کانگ کے مادر وطن کے ساتھ دوبارہ اتحاد کے بعد سےہانگ کانگ کے رہائشیوں کے انسانی حقوق کا آئین اور ایچ کے ایس اے آر کے بنیادی قانون میں مکمل تحفظ کیا گیا ہے۔ایچ کے ایس اے آر حکومت نے قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے ہانگ کانگ میں قومی سلامتی قانون، قومی سلامتی تحفظ آرڈیننس اور دیگر متعلقہ قوانین کو پختہ عزم کے ساتھ مکمل اور نیک نیتی سے نافذ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایچ کے ایس اے آر حکومت امریکہ سے سختی سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی بند کرے اور چین اور ہانگ کانگ کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔
