چین ریاستی کونسل کے ایک فیصلے کے بعد سائنس و ٹیکنالوجی کے نوجوان ماہرین کے لئے ایک نئی قسم کا ویزا متعارف کرائےگا ۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین ریاستی کونسل کے ایک فیصلے کے بعد سائنس و ٹیکنالوجی کے نوجوان ماہرین کے لئے ایک نئی قسم کا ویزا متعارف کرائےگا۔
چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے غیر ملکیوں کے داخلے اور اخراج کے انتظام سے متعلق ضابطے میں ترمیم کے فیصلے کو جاری کرنے کے لئے ریاستی کونسل کے حکم نامے پر دستخط کردیئے۔
اس فیصلے کے مطابق چین ویزوں کی عام اقسام میں ’’کےویزا‘‘ کیٹیگری بھی شامل کرے گا جو سائنس و ٹیکنالوجی کے اہل نوجوان ماہرین کے لئے دستیاب ہوگا۔
اس ویزا کے درخواست دہندگان کو متعلقہ چینی حکام کی طرف سے مقرر کردہ اہلیت اور تقاضوں کو پورا کرنا ہوگا اور معاون دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔
نئے قواعد یکم اکتوبرسے نافذ العمل ہوں گے۔
متعلقہ حکام کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے مطابق ویزوں کے موجودہ 12 عام اقسام کے مقابلے میں ’’کے ویزا‘‘ رکھنے والوں کو داخلوں کی تعداد، ویزا کی مدت اور قیام کے دورانیے کے حوالے سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
چین میں داخلے کے بعد ’’کےویزا‘‘ رکھنے والے افراد تعلیم، ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تبادلے کے ساتھ ساتھ متعلقہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
کسی خاص عمر، تعلیمی پس منظر اور کام کے تجربے کی شرط کے بغیر ’’کےویزا‘‘ کی درخواستوں کے لئے ملک میں کسی آجر یا ادارے کی طرف سے دعوت نامہ جاری کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور درخواست کا عمل بھی زیادہ آسان ہوگا۔
