نیویارک: پاکستان اور مغربی بحرالکاہل میں واقع جزیرہ نما ملک مائکرونیشیا کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور مائکرونیشیا کے سفیر جیم ایس لپوے نے نیویارک میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ یہ تعلقات پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر قائم ہونا خوش آئند ہے، اس سے ماحولیاتی تبدیلی، انسانی وسائل کی ترقی اور عالمی امن کے فروغ سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے کئی نئے دروازے کھولیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، مائکرونیشیا کیساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا 100واں ملک بن گیا ہے۔اس موقع پر مائکرونیشیا کے سفیر جیم ایس لپوے نے نئی شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کیلئے باعث فخر ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ دوستی کا سفر شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی اقوام متحدہ میں حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔
