اسلام آباد: وزارت خارجہ نے سرکاری افسران کے بیرون ممالک سیاسی پناہ کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر نئی ویزا نوٹ گائیڈ لائنز جاری کردیں۔اطلاعات کے مطابق دفتر خارجہ نے سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئے ویزانوٹ گائیڈلائنز میں تبدیلی کردی۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منظوری کے بعد نئی ویزانوٹ گائیڈلائنز کا فوری اطلاق کردیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے سیکرٹری سینیٹ اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو خط لکھ کردفتر خارجہ کے فیصلہ سے آگاہ کردیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو پرائیویٹ دوروں کیلئے نوٹ وربل جاری کرنے کی سہولت ختم کردی گئی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران کے اہلخانہ کو ویزہ کیلئے تعارفی خط کے اجراء پر پابندی عائد ہے۔
ارکان پارلیمنٹ کے آفیشل و پرائیویٹ دوروں پر ساتھ جانیوالے پرائیویٹ پاسپورٹ کے حامل فیملی ممبرز کو تعارفی خط کا اجراء بیان حلفی سے مشروط جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کو بیان حلفی جمع کرانا ہوگا کہ ان کے خط پر ویزہ حاصل کرنیوالے اس ملک میں جاکر پناہ نہیں لیں گے، انڈرٹیکنگ دینا ہوگی کہ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تعارفی متن خط کا غلط استعمال نہیں ہوگا۔
متن میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران کے خاندان کے افراد کو تعارفی خط جاری نہیں کیا جائے گا، خط ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو ان کے آفیشل دوروں کیلئے سینیٹ یا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے باضابطہ درخواست موصول ہونے کے بعد نوٹ وربل جاری کیا جائے گا۔خط میں کہا گیا ہے کہ ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو ان کے پرائیویٹ دوروں کیلئے سینیٹ یا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے باضابطہ درخواست موصول ہونے کے بعد تعارفی نوٹ جاری کیا جائے گا، نوٹ وربل، تعارفی نوٹ اور تعارفی خطوط لکھنے کیلئے ان پالیسی گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
