چینی صدر شی جن پھنگ بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے چین آئے ہوئے وزرائے خارجہ اور مستقل اداروں کے سربراہان سے ملاقات کررہے ہیں- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے والے وزرائے خارجہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے مستقل اداروں کے سربراہان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چینی صدرنے کہا کہ 40 سال قبل اپنے قیام کے بعد ایس سی او نے شنگھائی جذبے کو برقرار رکھا۔ یہ ایک بالغ اورمضبوط تنظیم میں ڈھل چکی ہے اور اس نے بھرپور توانائی اور فعالیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنی ہمسائیگی کی سفارت کاری میں ایس سی او کو ترجیح دی ہے اور وہ اس تنظیم کو مزید مضبوط اور بامقصد بنانے،علاقائی سلامتی و استحکام کے تحفظ، رکن ممالک کی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے اور مشترکہ مستقبل کے حامل ایک قریبی معاشرے کی تعمیر کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب سے چین نے گزشتہ جولائی میں ایس سی او کی گردشی صدارت سنبھالی ہے، اس نے متحرک انداز میں مختلف سرگرمیاں انجام دی ہیں اور باہمی تعاون کو فروغ دیا ہے جبکہ تمام فریقین نے ایس سی او کے لئے ایک بہتر مشترکہ مستقبل کی تعمیر کی جانب ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔
اس سال چین کے شہر تیانجن میں ایس سی او سربراہ اجلاس کے انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وہ اس موقع پر دوسرے رکن ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جس کے دوران ایس سی او کی مزید ترقی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامہ خیز اور بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کے تناظر میں ایس سی او کو اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہیے،پر اعتماد رہنا چاہیے،موثر کردار ادا کرنا چاہیے اور دنیا میں وسیع تر استحکام اور مثبت توانائی لانے کے لئے زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
