چین کے صدر شی جن پھنگ بیجنگ میں منعقدہ مرکزی شہری کارکردگی کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں منعقدہ اہم کانفرنس میں شہری ترقی کے لئے درکار مجموعی تقاضوں، اہم اصولوں اور ترجیحی کاموں کی نشاندہی کی ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے شہری کارکردگی کانفرنس سے اہم خطاب کیا۔ کانفرنس میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے ارکان لی چھیانگ، ژاؤ لے جی، وانگ ہو نِنگ، کائی چی، ڈنگ شوئے شیانگ اور لی شی نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ 2012 میں پارٹی کی 18 ویں قومی کانگریس کے بعد سے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی نے شہروں کی ترقی کو عوام کے لئے، عوام کے ذریعے اور عوام کی جانب سے فروغ دیا ہے۔ اس دوران شہری ترقی میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
کانفرنس میں مزید نشاندہی کی گئی کہ چین کی شہری آبادکاری تیز رفتار ترقی سے مستحکم ترقی کی طرف منتقل ہو رہی ہے اور شہری ترقی بڑے پیمانے پر توسیع کے مرحلے سے موجودہ شہری علاقوں کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوگئی ہے۔
کانفرنس میں شہری ترقی کے لئے اس وقت اور مستقبل قریب میں درکار تقاضوں کی نشاندہی کی گئی جن میں لوگوں کے لئے ایسے جدید شہروں کی تعمیر شا مل ہے جو اختراعی ہوں، جہاں لوگ رہنے کے خواہش مند ہوں، خوبصورت ہوں، ثقافتی طور پر ترقی یافتہ اور سمارٹ ہوں تاکہ چینی خصوصیات کے ساتھ شہروں کی جدیدیت کا نیا راستہ ہموار کیا جاسکے۔ کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ لوگوں کی سہولت پر مبنی طریقہ کار اختیار کرنے کے لئے زیادہ کوششیں کرنی چاہئیں، نمایاں خصوصیات کو اجاگر کرنا چاہیے، نظم و نسق کی صلاحیت کو بڑھانا چاہیے اور رابطہ کاری کو مضبوط بنانا چاہیے۔
کانفرنس کے مطابق جدید شہری نظام کو بہتر بنانا، جدیدیت پر مبنی فعال شہر تعمیر کرنا، آرام دہ اور موزوں رہائشی ماحول پیدا کرنا اور ماحول دوست کم کاربن اور خوبصورت شہری مقامات کا فروغ شہری ترقی کے لئے اہم ترجیحات ہونی چاہئیں۔
اس کے علاوہ شہری تحفظ اور مضبوطی کوبڑھانا، اخلاقی دیانت داری اور سماجی تہذیب کو فروغ دینا، آسان، اثر انگیز اور سمارٹ شہروں کی ترقی بھی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام کے لئے جدید شہروں کی تعمیر کے متعلقہ کام پر سی پی سی کی مجموعی قیادت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
لی چھیانگ نے کانفرنس سے اختتامی خطاب کیا۔
