چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ہو ژو کی چھانگ شنگ کاؤنٹی میں ایکسپریس ترسیلی کمپنی میں خودکار چھانٹی لائن کا فضائی منظر۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے کوریئر شعبے نے 2025 کے پہلے 2 ماہ میں تیزی سے ترقی کی جس میں ترسیل کے حجم اور صلاحیت کے لحاظ سے نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ پوسٹ بیورو کے مطابق ایکسپریس ترسیل کی ترقی کا انڈیکس 368.6 رہا جس میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت 11.8 فیصد کا اضافہ ہوا۔
پہلے 2ماہ کے دوران چین کی ایکسپریس ترسیل کا حجم بلند رہا اور بہار تہوار کی چھٹیاں اس شعبے کا مصروف ترین عرصہ تھا۔ 28 جنوری سے 4 فروری تک ایکسپریس ترسیل کا کاروباری حجم 1.15 ارب پارسلز تک پہنچ گیا جس میں گزشتہ سال کی نسبت 31 فیصد اضافہ ہوا۔
بیورو نے پیشگوئی کی کہ پہلے 2 ماہ میں کورئیر خدمات کا حجم اور کاروباری آمدنی گزشتہ سال کے مقابلے میں بالترتیب 24.6 فیصد اور 16.6 فیصد بڑھ جائے گی۔
بیورو نے کہا کہ اس عرصے میں ذیلی انڈیکس میں بھی بہتری آئی اور متعلقہ کاروباری اداروں نے نقل و حمل کی بنیادی سہولیات کی تعمیر، ترسیلی ذرائع کو وسعت دینے اور انسان کے بغیر چلنے والی ترسیلی گاڑیوں میں اہم پیشرفت حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی۔
یہ انڈیکس نقل و حمل کے اہم کاروباری اداروں کی ترسیلی خدمات سے حاصل ہونے والے اعدادوشمار کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے۔ یہ ملک کے کورئیر شعبے کی مجموعی کاروباری سرگرمیوں اور رجحانات کی عکاسی کرتا ہے۔
