منی لانڈرنگ کیس میں قید بھارتی شہری سوکیش چندر شیکھر نے ویلنٹائن ڈے پر اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 30 کروڑ روپے مالیت کا لگژری ہیلی کاپٹر تحفے میں دینے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوکیش چندر شیکھر اسوقت 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں قید ہیں تاہم انہوں نے جیل سے جیکولین فرنینڈس کو ایک محبت نامہ لکھا جس میں مہنگے تحفے کا ذکر کیا گیا۔
خط میں انہوں نے اداکارہ کو بی بی بوما کہہ کر مخاطب کیا اور اپنے مبینہ تعلق کا دوبارہ اظہار کیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے جیکولین فرنینڈس کیلئے ایئربس ایچ سیریز کا ایک لگژری ہیلی کاپٹر خریدا ہے جس کی مالیت تقریباً 30کروڑ روپے ہے جبکہ اس ہیلی کاپٹر کو اداکارہ کے نام کے ابتدائی حروف "JF”کیساتھ خصوصی طور پر ڈیزائن بھی کیا گیا ہے، یہ قیمتی تحفہ انکی ذاتی کمائی سے خریدا گیا ہے اور اسکا مقصد اداکارہ کو شوٹنگ کیلئے دور دراز مقامات تک آسان سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
خط میں سوکیش نے لکھا کہ جیل کی سلاخوں کے باعث وہ اداکارہ سے دور ہیں لیکن انکی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی، یہ تحفہ انکی محبت کی علامت ہے اور وہ ہر مشکل کے باوجود جیکولین کو یاد کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ سوکیش چندر شیکھر نے اداکارہ کو مہنگے تحائف دینے کا دعویٰ کیا ہو، اس سے قبل بھی وہ جیکولین فرنینڈس کو قیمتی تحائف اور جائیداد دینے کے دعوے کر چکے ہیں تاہم اداکارہ کی جانب سے اس تازہ خط یا مبینہ تحفے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔




