کولمبو (شِنہوا) چین اور سری لنکا نے مشترکہ طور پر ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد سری لنکا میں عمومی تعلیم کی ڈیجیٹل تبدیلی ہے۔
سری لنکا کی وزیراعظم ہرینی امارا سوریہ اور سری لنکا میں چینی سفیر چھی ژین ہونگ نے اس تقریب میں "چائنہ- ایڈ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ آف جنرل ایجوکیشن ان سری لنکا” کا افتتاح کیا۔
اس منصوبے سے سری لنکا میں ایجوکیشن کلاؤڈ ڈیٹا سنٹر، ملٹی میڈیا کانفرنس سنٹر اور ایک سٹریمنگ میڈیا مرکز تعمیر کرنے میں مدد ملے گی۔
منصوبے کے تحت سری لنکا کی وزارت تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تعلیم کے لئے سافٹ ویئر پر مبنی ایک نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم تیار کیا جائے گا، ملک بھر کے 500 سکولوں میں 900 سمارٹ کلاس روم قائم کئے جائیں گے اور چینی زبان کی تعلیم کے لئے ڈیجیٹل وسائل فراہم کئے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکا کی وزیراعظم امارا سوریہ نے کہا کہ یہ منصوبہ سری لنکا کی حکومت کے ڈیجیٹل معیشت کے پروگرام کے ساتھ اچھی طرح مطابقت رکھتا ہے کیونکہ یہ ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلے کرنے، خدمات کو بہتر بنانے اور تعلیمی شعبے میں رابطے کو مضبوط کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اپنے خطاب میں چھی ژین ہونگ نے کہا کہ بچوں کی تعلیم ملک اور اس کے عوام کے مستقبل کے لئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکومت سری لنکا کی تعلیمی ترقی کی مسلسل حمایت کر رہی ہے اور تعلیمی اور ترقیاتی تعاون کے ذریعے سری لنکا کی مدد کے لئے پرعزم رہے گی۔




