ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایران کیخلاف اپنی سرزمین و فضا استعمال نہ ہونے دینے کے موقف پر کاربند ہے، اعتماد ہے ایران اپنی عقلمندی، فراست، قدیم تہذیب و جذبے سے حالات پر قابو پا لے گا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر، موثر قونصلر خدمات فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، امید ہے امریکہ جلد پاکستان کیلئے ویزے بحال کرے گا، ابراہیمی معاہدہ پر پاکستان کا بینچ مارک آزاد و خودمختار ریاست فلسطین کا قیام ہے۔
جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری بحرین کے دورے پر ہیں، صدر کا یہ دورہ بحرین کیساتھ پاکستان کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دورے کے دوران ملاقاتوں میں دوطرفہ و علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان نے صومالی لینڈ سے متعلق اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے نائب وزیراعظم نے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صومالیہ کی خودمختاری پر حملہ ناقابل قبول ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں اپنے رفقا سے ملاقاتوں میں فلسطین اور کشمیر کے معاملات کو اجاگر کیا، انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنا کردار مزید مضبوط کریں۔
انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ازبکستان، بنگلہ دیش، مالدیپ اور مصر کے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے بھی مذاکرات کئے، اس دوران انہوں نے نئے دفتر کی عمارت پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا اور رِبن کٹنگ کے ذریعے عمارت کی افتتاحی تقریب میں حصہ لیا، جس کے بعد سیاہ اور سبز درختوں کی پودے لگانے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی حکام کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر اور موثر قونصلر خدمات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، یہ بات بھی واضح کی گئی کہ پاکستان فلسطین اور کشمیر کے حق خود ارادیت کے اصولی موقف پر قائم ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کے تحفظ کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔
ایران کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایران کے مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے ،ہم ایران کے امن و استحکام کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں ایران کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم پر اعتماد ہیں کہ ایران اپنی عقلمندی، فراست، قدیم تہذیب و جذبے سے حالات پر قابو پا لے گا، پاکستان نے ماضی میں ایران کے جوہری مذاکرات میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ماضی کی طرح اب بھی ایران کے خلاف اپنی سرزمین اور فضائی حدود استعمال نہ ہونے دینے کے موقف پر قائم ہے۔
امریکہ کے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 25فیصد ٹیرف کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ یہ ایک جاری صورتحال ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم پاک ایران تجارت عالمی تجارتی قوانین کے تحت ہو رہی ہے اور ہمارا امریکہ کیساتھ بھی اچھا تجارتی تعلق ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ابراہیمی معاہدہ پر پاکستان کا بینچ مارک ایک آزاد اور خودمختار ریاست فلسطین کا قیام ہے،پاکستان عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے ذریعے غزہ امن عمل میں شریک ہے، غزہ امن عمل کے دوسرے مرحلے کے اعلان کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے آگاہی ملی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طلبہ کی واپسی کے معاملے پر کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کام کر رہا ہے، ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، ایران میں پھنسے طلبہ کی بڑی تعداد گوادر پہنچ چکی ہے ، پاکستانی حکومت ایران سے واپس لوٹنے والے طلبہ کی سہولت کاری کر رہی ہے۔ ایران میں پاکستانی سفارتخانے نے بھی لوٹنے والے طلبہ کی معاونت کی۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز تقریبا 54طلبہ جبکہ اس سے قبل 2درجن کے قریب طلبہ ایران سے واپس پہنچ چکے ہیں، جلد واپس آنے والے طلبہ کی تعداد سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ ہم نے امریکی ویزوں پر پابندیوں سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں، اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، امریکہ اپنی ویزا پالیسی پر نظر ثانی کررہا ہے، امید ہے امریکہ جلد پاکستان کیلئے ویزے بحال کرے گا، امیگرینٹس پالیسیوں کے حوالے سے بھی ہم یو ایس اتھارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بھارتی آرمی چیف کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان ایسے بیانات کو مسترد کرتا ہے۔




