واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز کے ساتھ ٹیلی فون پر طویل گفتگو کی ہے اور دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ آج ہماری بات چیت بہت اچھی رہی ہے اور وہ ایک شاندار شخصیت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے طویل بات چیت کی ہے، ہم نے بہت سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے، ہم وینزویلا کے ساتھ بہت اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
علاوہ ازیں وینزویلا کی قائم مقام صدر روڈریگیز نے کہا کہ میری صدر ٹرمپ کے ساتھ ایک طویل، نتیجہ خیز اور شائستہ ٹیلی فونک بات چیت ہوئی ہے۔ دوران گفتگو ہم نے اپنے عوام کے فائدے کے لئے دوطرفہ ورکنگ ایجنڈے پر بات کی اور اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی حکومتوں کے تعلقات کے زیرالتوا معاملات کو حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔




