جنوبی افریقہ کے نارتھ ویسٹ صوبے کے سٹل فونٹین میں ایک متروک سونے کی کان میں ریسکیو آپریشن کے دوران پولیس افسران اور فارنزک پیتھالوجی سروس کے ارکان کام کررہے ہیں۔(شِنہوا)
جوہانسبرگ (شِنہوا) جنوبی افریقہ کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک متروک سونے کی کان میں بچاؤ کی کارروائی کے دوسرے دن کل 106 غیر قانونی کان کنوں کو زندہ نکالا گیا جبکہ لاشوں کی تعداد 51 ہو گئی۔
اس کے ساتھ ہی ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہوگئی، نارتھ ویسٹ صوبے کے سٹل فونٹین میں واقع قدیم بفیلز فونٹین سونے کی کان میں بچاؤ کی کارروائی کے پہلے دن 9 لاشیں نکالی گئی تھیں۔ اسی دن 26 غیر قانونی کان کنوں کو بچایا گیا تھا۔
جنوبی افریقن پولیس سروس (ایس اے پی ایس) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دوسرے دن کی کارروائی کے دوران کل 106 زندہ غیر قانونی کان کنوں کو نکال کر غیر قانونی کان کنی کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور 51 افراد کو مصدقہ طور پر مردہ قرار دیا گیا۔
تیسرے دن بچاؤ کی کارروائی شروع ہونے کی توقع ہے۔ علاقے کا دورہ کرنے والے پولیس وزیر سینزو مچھونو نے کہا کہ یہ کارروائیاں تقریباً 10 دن تک جاری رہنے کا اندازہ ہے۔
ایس اے پی ایس کی قومی ترجمان اتھلینڈا میتھے نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ بچائے جانے والے افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
منگل کو گرفتار ہونے والوں میں موزمبیق کے 67 ، لیسوتھو کے 26 ، زیمبیا کے 11 اور جنوبی افریقہ کے 2 شہری شامل ہیں۔
