بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ میں عظیم دیوار چین کا تاریخی تزویراتی گزرگاہ جیانگ جون گوان جلد ہی عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔
بیجنگ میونسپل کلچرل ہیریٹیج بیورو کے مطابق پھنگ گو ضلع میں واقع یہ حصہ بحالی کے کام، ہنگامی کمک اور ماحولیاتی بہتری کے بعد 2026 کے اختتام تک عوام کے لئے کھولے جانے کا امکان ہے۔
بیجنگ میں عظیم دیوار، جو بنیادی طور پر منگ خاندان (1368 تا 1644) کے دوران تعمیر کی گئی تھی، کئی اضلاع میں 500 کلومیٹر سے زیادہ تک پھیلی ہوئی ہے۔ پھنگ گو ضلع میں 50 کلومیٹر سے زائد پر 200 سے زائد تاریخی مقامات ہیں۔
جیانگ جون گوان کا درہ بیجنگ کی حدود میں منگ عظیم دیوار کے مشرقی سرے کا پہلا بڑا دروازہ ہے۔ تاریخی طور پر ایک اہم گزرگاہ ہونے کی وجہ سے یہ فوجی قوتوں کے درمیان تنازع کا ایک اہم تزویراتی مقام تھا۔
ضلع کے ثقافتی نوادرات کے انتظامی بیورو کے نائب سربراہ شی چھیانگ نے بتایا کہ اس سے قبل اس بند حصے کو کھولنے کی تیاریوں میں ساخت کی اصل خصوصیات کو محفوظ رکھتے ہوئے گھاس کی صفائی اور بجری کے راستے بچھانا شامل ہے۔
بیجنگ میونسپل کلچرل ہیریٹیج بیورو کے ایک عہدیدار بی جیان یو نے کہا کہ عظیم دیوار کے حصوں کو کھولنا اور انہیں سیاحتی مقامات کے طور پر نامزد کرنا ثقافتی ورثے کو منتقل کرنے کا ایک اہم طریقہ ہے۔



