لہاسا(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کی زایول کاؤنٹی میں مچھلی کی ایک نئی نوع دریافت ہوئی ہے، جو ہمالیہ کے علاقے میں مچھلیوں کی تنوع اور حیاتیاتی ارتقا کے مطالعے کے لئے بصیرت فراہم کرتی ہے۔
شی زانگ خودمختار علاقے کے انسٹی ٹیوٹ آف پلیٹو بائیولوجی کے مطابق اس نوع کو ’گلیریڈوگلانیس ویروسیلوبا سپیشیز نوو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ایک نیا گلیپٹو سٹرنین کیٹ فش ہے۔ اس کی نمایاں خصوصیات میں موٹا نچلا ہونٹ شامل ہے، جس کے وسطی-پیچھے والے کنارے پر چار سے سات گانٹھ نما لوبز ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی دیگر منفرد جسمانی خصوصیات بھی ہیں، جو اسے دیگر مچھلیوں سے ممتاز کرتی ہیں۔
اس مچھلی کے نمونے سب سے پہلے ادارے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم، شی زانگ میوزیم آف نیچرل سائنس، زاؤ ژوانگ یونیورسٹی اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹیٹیوٹ آف ہائیڈروبائیولوجی نے اس سال اپریل میں جنوب مغربی شی زانگ میں دریائے زایول سے جمع کئے تھے۔ ان نمونوں کو طویل عرصے تک ان کے قریب النوع جی۔ اینڈرسونی کے طور پر غلط شناخت کیا گیا تھا۔
مورفولوجیکل اور مالیکیولر فائیلو جینیٹک تجزیوں کے ذریعے تحقیقاتی ٹیم نے تصدیق کی کہ یہ مچھلی کے نمونے ایک نئی نوع سے تعلق رکھتے ہیں، جیسا کہ ان کے مطالعے میں رپورٹ کیا گیا ہے جو بین الاقوامی جریدے زوکیز میں شائع ہوا۔
تحقیق کاروں کے مطابق گلیریڈوگلانیس جنس کے تحت تسلیم شدہ تیسری درست نوع کے طور پر یہ مچھلی ہمالیہ کے جنوب مشرقی کنارے کے ساتھ میٹھے پانی کی مچھلیوں کی ابتدا، تنوع اور موافقتی ارتقا کے مطالعے کے لئے قیمتی نئی معلومات فراہم کرتی ہے۔



