وسطی غزہ کی پٹی کے النصیرات پناہ گزین کیمپ میں العودہ ہسپتال میں اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ایک شخص کے رشتہ دار نوحہ کناں ہیں-(شِنہوا)
غزہ(شِنہوا)غزہ میں جہاں خونی تنازعات زندگی کے ہر پہلو پر چھائے ہوئے ہیں، میں اپنے آپ کو کسی حد تک خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ مشکلات کے باوجود میں نے سالوں کی سخت محنت اور استقامت کے ذریعے اپنے خاندان اور اپنے لئے نسبتاً استحکام کی زندگی بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
2007 سے میں نے یہاں ایک صحافی کے طور پر کام کیا۔ ایک ایسا پیشہ جو مجھے اکثر ان کہانیوں پر رپورٹ کرنے کے لئے سب سے خطرناک محاذ پر بھیجتا ہے جن کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ان لوگوں کی کہانیاں ہیں جن کے مصائب سب سے زیادہ ہیں اور ان کی آواز بننا میرا کام ہے۔ لیکن مجھے بھی ڈر لگتا ہے۔ غزہ کے تمام باشندوں کی طرح میں بھی موت کے مسلسل خطرے میں رہتا ہوں۔ ہر بار جب میں اپنا گھر چھوڑتا ہوں تو میں اپنے گھر والوں کو الوداع کہتا ہوں۔ یہ نہیں جانتا کہ میں کبھی واپس آؤں گا یا نہیں۔
بھاری ہتھیاروں سے لیس اسرائیلی فوجیوں اور پتھراؤ کرنے والے فلسطینیوں کے درمیان روزانہ ہونے والی ہولناک جھڑپیں میرے بچپن کی یادوں میں ہمیشہ کے لئے نقش ہوگئیں۔ اسرائیلی فوج کے گشتی دستے کے ساتھ ایک خاص موقع پر آمناسامنا آج بھی میری ریڑھ کی ہڈی کو یخ بستہ کر دیتا ہے۔
ایک صبح جب میں سکول جا رہا تھا، ایک اسرائیلی فوجی گاڑی میرے پاس کھڑی تھی۔ اندر موجود فوجیوں نے بندوق تانے۔ پہلے میرا خیال تھا کہ وہ مجھے قتل کرنے جا رہے ہیں۔ لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ ان کی توجہ میرے پیچھے چلنے والے 2 نوجوانوں پر مرکوز تھی، جنہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تاہم اس وقت تک میں ایک نوجوان کے طور پر موت کے ایک گہرے خوف میں مبتلا ہوچکا تھا۔
مسلسل اسرائیلی بمباری، ہلاکتوں میں بے شمار اضافے اور بار بار انخلا کے احکامات کو دستاویزی شکل دینا ہمیشہ ایک مشکل کام ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ غزہ کے ایک باشندے کے لئے بھی جو اس طرح کے تلخ حقائق کے درمیان پروان چڑھا ہے۔
7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے مہلک حملے کے جواب میں غزہ میں شروع کئے گئے اسرائیلی فوجی آپریشن نے غزہ کی سڑکوں کو تباہی کے منظر نامے میں تبدیل کردیا اور وہ شہر ناقابل شناخت ہوگیا جسے میں کبھی جانتا تھا۔ عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں اور فضا میں موت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ آوارہ کتے ملبے میں لاشیں تلاش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ دکانیں یا تو تباہ ہو چکی ہیں یا بند ہو چکی ہیں۔ یہ تبدیلیاں مجھے اداسی، غصے اور افسوس میں مبتلا کر دیتی ہیں۔
اس طرح کے دل دہلا دینے والے مناظر اکثر میرے ڈراؤنے خوابوں پر حملہ کرتے ہیں۔ دن بھر وہ میرے ذہن میں گھومتے رہتے ہیں، میری توجہ چھین لیتے ہیں اور مجھے تناؤ میں مبتلا کر دیتے ہیں۔
ایک سے زیادہ بار میں نے اپنا پیشہ چھوڑنے پر غور کیا ہے۔ اس کے باوجود میں نے جن بے شمار جنگ کے متاثرین کا انٹرویو کیا ہے ان کے پختہ عزم نے مجھے یہاں رہنے اور غزہ کی تعمیر نو کے لئے آگے بڑھنے کی طاقت دی۔ ایک صحافی کی حیثیت سے میرا کردار صرف جنگ، مظالم اور انسانی تباہی کو دستاویزی شکل دینے سے کہیں زیادہ رہا ہے۔
جب اسرائیلی فوج حملہ کرتی ہے، تو ہم ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہیں اور خوراک اور پانی ذخیرہ کرتے ہیں، یہ جانتے ہوئے کہ ہم کئی دنوں تک اپنے گھروں تک محدود رہیں گے۔ رہائشی گھروں پر اچانک حملوں کا خوف بہت زیادہ ہے، ہر ایک اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہم میں سے کوئی بھی اگلا ہدف ہوسکتا ہے۔
غزہ میں شعبہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے حالیہ حملوں میں 44 ہزار 800 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے نصف سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔
اس سال اپریل کے وسط میں، میں خوش قسمت تھا کہ آخر کار غزہ سے فرار ہوگیا۔ اب بھی تقریباً 8 ماہ بعد مجھے وہ دن یاد ہیں جو میں نے ایک خیمے میں گزارے تھے، جہاں سخت سردی، تیز ہوائیں اور اوپر اسرائیلی ہوائی جہازوں کی مسلسل گڑگڑاہٹ ہر رات آرام کے لئے ایک بے چین جدوجہد میں بدل جاتی تھی۔
اگرچہ جنگ کا کوئی خاتمہ نظر نہیں آ رہا ہے لیکن میں اب بھی غزہ میں اپنے گھر اور شہر واپس جانا چاہتا ہوں۔ اس کے باوجود غزہ کے بہت سے دوسرے باشندوں کی طرح مجھے تعجب ہوتا ہے کہ اگر ایک دن ہم اپنے گھروں کو دوبارہ تعمیر کر سکیں، تو ہم اپنے دلوں کو کیسے صبر دیں گے؟
