یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کی ایک تقریب کے دوران خطاب کی فائل فوٹو-(شِنہوا)
کیف(شِنہوا)یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالس سے ملاقات کی تاکہ یوکرین کے لئے یورپی یونین کی حمایت پر بات چیت کی جا سکے۔
صدارتی پریس سروس کے مطابق فریقین نے یوکرین کی توانائی کی بنیادی سہولت پر حالیہ روسی حملوں اور ملک کی توانائی کےاستحکام کے لئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
کالس نے کہا کہ یورپی ماہرین اس وقت یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ یوکرین کو اپنی توانائی کا نظام بحال کرنے کے لئے کس قسم کی مدد کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں یوکرین کی دفاعی معاونت، منجمد روسی اثاثوں کے استعمال اور روس کے خلاف یورپی یونین کی نئی پابندیوں پر بھی بات کی گئی۔
یوکرین کی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کی رپورٹ کے مطابق کاجا کالس کے ساتھ مذاکرات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں زیلنسکی نے اعلان کیا کہ وہ جمعہ کو واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
ادھر روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے 2 اکتوبر کو کہا تھا کہ اگر یورپی یونین روسی اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لئے کوئی بھی اقدام کرتی ہے تو ماسکو "انتہائی سخت ردعمل” دے گا۔
