جنوبی افریقی ٹیم نے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنالیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گرگئیں۔
کپتان ایڈن مارکرام تین اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ تاہم پہلی اننگز کے ٹاپ اسکوررز ٹونی ڈی زورزی (16) اور رائن ریکلٹن (29) نے 32 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز میں 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے امام الحق بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔
کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور ڈی آر ایس میں امپائر کال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائے۔
بابر اعظم 42، عبداللہ شفیق 41 اور سعود شکیل 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
چائے کے وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان ٹیم مجموعی اسکور میں صرف 17 رنز کا ہی اضافہ کرسکی۔
تیسری ہی گیند پر محمد رضوان 14 رنز پر سائمن ہارمر کا شکار ہوگئے۔ مجموعی اسکور میں ایک رن کے اضافے سے شاہین آفریدی بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
سلمان آغا چار رنز بنامتھوسامی کا شکار بنے، اسی اوور کی آکری گیند پر نعمان علی بھی 11 رنز پر چلتے بنے۔ ساجد خان ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم آج صبح 269 پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔
نعمان علی اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 109 رنز کی برتری دلوادی تھی۔
جنوبی افریقا نے کھیل کے تیسرے روز 216 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تھا۔
ٹونی ڈی زورزی (104) کی سنچری کے باجود جنوبی افریقی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور میں بڑا اضافہ کرنے میں ناکام رہی تھی اور 269 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
رائن ریکلٹن 71 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے تھے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چھ، ساجد خان نے تین اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔ امام الحق اور سلمان آغا 93، 93 جبکہ کپتان شان مسعود 76 اور محمد رضوان 75 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
