اداکارہ علیزے شاہ نے کہا ہے کہ میرا نذیبہ زینب سے کوئی رشتہ نہیں ہے، میری کوئی بہن نہیں ہے۔
ڈرامہ جمع تقسیم کی کردار سدرہ سے اپنی مشابہت سے متعلق گردش کرتی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کے گھر والوں کو معلوم تھا کہ وہ صرف ایک ہی علیزے کو برداشت کرسکتے ہیں، اس لیے وہ واحد علیزے ہیں۔
علیزے شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں نئے اور باصلاحیت فنکار اپنی پہچان بنانے آتے ہیں، لیکن ان کا موازنہ مشہور شخصیات سے کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ خود انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھیں اور ان کا موازنہ اکثر مشہور شخصیات سے کیا جاتا تھا تو انہیں یہ بات ناگوار گزرتی تھی، کیونکہ وہ اپنی الگ شناخت بنانا چاہتی تھیں۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ایک بات انہیں سمجھ نہیں آتی کہ اگر لوگ انہیں اتنا ناپسند کرتے ہیں تو پھر آئے دن وہ یہ کیوں سنتی ہیں کہ علیزے شاہ جیسا نیا چہرہ آگیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ خود پسند ہیں تو ہاں، وہ واقعی خود پسند ہیں۔
اداکارہ نے مزید وضاحت کی کہ بعض لوگ ان کے چہرے میں تبدیلی پر تنقید کرتے ہیں لیکن انہیں خود نہیں معلوم کہ ایسا کیوں ہوا، ممکن ہے کہ پہلے زیادہ کام کرنے کی وجہ سے ان کے چہرے پر تھکن نظر آتی ہو، لیکن اب چونکہ وہ خوش رہنے لگی ہیں، اس لیے ان کے چہرے پر بھی وہ خوشی جھلکتی ہے۔
آخر میں علیزے شاہ نے مشورہ دیا کہ دوسروں سے حسد کرنے کے بجائے اپنی دیکھ بھال کریں تو کسی کو بھی پلاسٹک سرجری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
