ویتنام، چین کے وزیراعظم لی چھیانگ ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین تران تھان مان سے ہنوئی میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
ہنوئی(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین۔ویتنام کمیونٹی کی تعمیر کو آگے بڑھانے، بیرونی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے اور ترقی کے فروغ کے لئے ویتنام کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین تران تھان مان سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین۔ویتنام تعلقات نے مستحکم ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین۔ویتنام برادری کے تعلقات حقیقی طور پر فروغ پا رہے ہیں۔
ایک صدی میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے چینی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں جماعتوں اور ملکوں کے سرکردہ رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے تزویراتی اتفاق رائے پر عملدر آمد، روایتی دوستی کے فروغ، سیاسی باہمی اعتماد کے استحکام، یکجہتی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے چین ویتنام کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
لی چھیانگ نے کہا کہ چین ویتنام کے قانون ساز اداروں کے ساتھ تبادلوں اور تعاون کو بڑھانے اور ایک دوسرے کی سوشلسٹ تعمیر کے فروغ کے لئے ٹھوس تعاون کی فراہمی کا خواہاں ہے۔
چینی وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی مقننہ مختلف شعبوں میں عملی تعاون کی بھرپور حمایت کریں گی، جد یدیت پر زیادہ توجہ دیں گی۔ چین اور ویتنام کو ڈیجیٹل معیشت، نئی توانائی اور فائیو جی جیسی ابھرتی ہوئی صنعتوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے قانونی ضمانت فراہم کریں گی اور مشترکہ طور پر ترقی کے نئے محرکات کو فروغ دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ دونوں ملکوں کی مقننہ دونوں ممالک کے عوام بالخصوص نوجوانوں کے درمیان باہمی افہام وتفہیم اور خیر سگالی کو بڑھانے کے لئے فعال طور پر عوامی رہنمائی فراہم کرے گی اور دوطرفہ تعاون کے لئے سماجی بنیاد کو مستحکم کرنا جاری رکھے گی۔
اس موقع پر ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین تران تھان مان نے حالیہ برسوں کے دوران تمام شعبوں میں کامیابیوں پر چین کو مبارکباد پیش کی۔
تران تھان مان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی زیر قیادت کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کی مضبوط قیادت میں چین یقینی طور پر جدت کی راہ پر نئی اور عظیم کامیابیاں حاصل کرے گا۔
