چین کی انتہائی گہرے پانی میں گیس فیلڈ شین ہائی یی ہاؤ یا ڈیپ سی نمبر 1 کے دوسرے مرحلے میں تیار کردہ گیس کا پیداواری پلانٹ دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کی پہلی آزادانہ طور پر تیار اور تعمیر کردہ انتہائی گہرے پانی کی گیس فیلڈ شین ہائی یی ہاؤ نے اب تک 9 ارب کیوبک میٹر قدرتی گیس کی پیداوار حاصل کی ہے جبکہ تیل کی پیداوار 9 لاکھ مکعب میٹر سے زائد ہے۔ اس گیس فیلڈ کو ڈیپ سی نمبر 1 بھی کہا جاتا ہے۔
شین ہائی یی ہاؤ اپنی نوعیت کی چین میں گہری ترین گیس فیلڈ ہے جس نے 25 جون 2021 میں کام شروع کیا تھا۔
چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن (سی این او او سی) نے بتایا ہے کہ گیس فیلڈ کو اپ گریڈ کرنے کے دوسرے مرحلے کے مکمل فعال ہونے کے بعد ڈیپ سی نمبر 1 سے سالانہ پیداوار 3 ارب مکعب میٹر سے بڑھ کر 4.5 ارب مکعب میٹر ہوجائے گی۔ یہ گیس فیلڈ ملکی توانائی کے تحفظ کے لئے گیس کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہوگی۔
دوسرے مرحلے کے منصوبے میں 50 ارب مکعب میٹرز سے زائد قدرتی گیس کے ثابت شدہ ذخائر موجود ہیں۔ اس میں گہرے پانی میں گیس کے 12 کنویں، 14 ہزار ٹن وزنی ایک جامع پروسیسنگ پلیٹ فارم اور تقریباً 250 کلومیٹر طوالت کی پانچ زیرسمندر پائپ لائنیں شامل ہیں۔
ڈیپ سی نمبر 1 چین کے جزیرہ نما صوبہ ہائی نان کے شہر سانیا سے 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کی سمندر میں زیادہ سے زیادہ گہرائی 1 ہزار 500 میٹر ہے۔
