سربیا، بلغراد میں دریائے دنوبے پر واقع پیوپن پل کا فضائی منظر۔(شِنہوا)
بلغراد (شِنہوا) سربیا نے دارالحکومت کےوسطی تجارتی ضلع نیو بلغراد میں نئے ریلوے اسٹیشن کمپلیکس کی تعمیر کیلئے چین کے شان ڈونگ ہائی سپیڈ گروپ (ایس ڈی ایچ ایس) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیئے۔
13 کروڑ 80 لاکھ یوروز (15 کروڑ 10 لاکھ ڈالر 30 ہزار) کا یہ معاہدہ سربیا کے وزیر تعمرات، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر گوران ویسک اور ایس ڈی ایچ ایس کے نمائندے کے درمیان طے پایا۔ اس موقع پر سربیا میں چین کے سفیر لی منگ بھی موجود تھے۔
اس منصوبے میں 7 کروڑ یوروز نئے ریلوے اسٹیشن اور تقریباً 4 کروڑ یوروز ریلوے پل کے ڈھانچے کی تعمیر کیلئے مختص ہوں گے۔ منصوبے کی تعمیر کا آغاز اگلے سال کے اوائل میں ہونے کا امکان ہے جبکہ اس کی تکمیل دسمبر 2026 تک متوقع ہے۔
گوران ویسک نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن کو بس اور ٹرام کے نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کیا جائے گا جس سے شہر میں آمدورفت کے نظام کو نمایاں فروغ ملے گا۔
چینی سفیر لی منگ نے معاہدے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے چین۔ سربیا دوستی کا ایک نیا پہلو قرار دیا۔ انہوں نے کہا اس معاہدے سے سربیا کے آمدورفت کے نظام اور ریلوے کی صنعت کو ترقی ملے گی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ایکسپو 2027 کا جاری منصوبہ شراکت کے اہم عناصر قرار دیئے۔
